ترکی میں ویکسنیشن کا عمل 11 دسمبر سے شروع ہو گا

ترکی میں کورونا وائرس سے بچاوٗ کی ویکسنیشن کا عمل 11 دسمبر سے شروع ہو گا۔ ترک وزیر صحت فہرتین کوسہ نے کہا کہ کورونا وائرس ویکسین کی پہلی شپمنٹ اس ہفتے انقرہ پہنچ جائے گی جس کے بعد ویکسنیشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔
ترک حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسنیشن چار مرحلوں میں مکمل کی جائے گی۔
ترک وزیر صحت نے کہا کہ کورونا وائرس کی خریداری کا معاہدہ طے کر لیا گیا ہے۔ ترکی کی کورونا وائرس سائنٹفک ایڈوائزری بورڈ نے ویکسین کی منظوری دے دی ہے۔
پہلے مرحلے میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ویکسنیشن لگائی جائے گی۔ 65 سال سے زائد عمر کے افراد کو بھی پہلے مرحلے میں ہی ویکسین لگائی جائے گی۔ معذور افراد کے ساتھ ساتھ ایسے لوگ جو خیموں میں رہتے ہیں انہیں بھی پہلے مرحلے میں ہی ویکسین لگائی جائے گی۔ گنجان آباد رہائشی علاقوں میں بھی ویکسین کا عمل شروع کیا جائے گا۔
دوسرے مرحلے میں ایسے افراد کو ویکسین لگائی جائے گی جو غیر معمولی حالات میں کام کرتے ہیں جیسے پولیس ڈپارٹمنٹ، فائر بریگیڈ، خیراتی اور امدادی اداروں میں کام کرنے والے افراد۔ اس کے ساتھ ساتھ 50 سال سے زائد عمر کے افراد اور ایسے مریض جنہیں کوئی موذی مرض لاحق ہے دوسرے مرحلے میں ویکسین لگائے جائے گی۔
تیسرے مرحلے میں 50 سال سے کم عمر کے افراد اور صنعتی کارکنوں کو ویکسین دی جائے گی۔
چوتھے مرحلے میں باقی بچ جائے والے تمام افراد کی ویکسنینش کی جائے گی۔
ترک وزیر صحت نے کہا کہ جیسے ہی ویکسین ترکی پہنچے گی اس کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا جائے گا اور آئندہ ہفتے سے ملک بھر میں ویکسنیشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More