طاقتور ترین دوربین خلاء میں روانگی کیلئے تیار

ہیوسٹن، ٹیکساس / پیرس(پاک ترک نیوز) دنیا کی سب سے طاقتور ترین دور بین خلا میں روانگی کیلئے تیار ہو گئی ۔امریکا، کینیڈا اور یورپ کی مشترکہ طور پر تیار کردہ ’’جیمس ویب سپیس ٹیلی سکوپ‘‘ (جے ڈبلیو ایس ٹی) کو ایندھن بھرنے کے بعد خلاء میں روانگی کےلیے مکمل طور پر تیار کردیا گیا ہے۔اسے 22 دسمبر 2021 کے روز ’’آریان 5‘‘ راکٹ کے ذریعے خلاء میں روانہ کیا جائے گا۔
ناسا کے تحت اس خلائی دوربین کی تمام آزمائشیں امریکا میں مکمل کی گئیں، جس کے بعد اسے پاناما کینال کے راستے ’’یورپین اسپیس پورٹ‘‘ پہنچا دیا گیا جو جنوبی امریکا میں فرانس کے زیرِ انتظام گیانا میں واقع ہے۔ آخری جانچ پڑتال کے بعد اسے یہیں سے خلاء میں روانہ کیا جائے گا۔یہ بیضوی مدار میں سورج کے گرد چکر لگائے گی جبکہ زمین سے اس کا اوسط فاصلہ تقریباً 15 لاکھ کلومیٹر رہے گا۔
خلاء کے انتہائی تاریک ماحول میں زیریں سرخ (انفراریڈ) شعاعوں کے ذریعے یہ کائنات کے ان دور دراز مقامات کو بھی دیکھ سکے گی جو اس سے پہلے کسی دوربین نے نہیں دیکھے۔طاقتور ہونے کے علاوہ، یہ دنیا کی مہنگی ترین دوربین بھی ہے جس پر تقریباً 9 ارب ڈالر لاگت آئی ہے۔
اس دوربین کا مرکزی آئینہ 18 آئینوں کو آپس میں جوڑ کر بنایا گیا ہے جس کی مجموعی چوڑائی تقریباً 6.5 میٹر ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More