قومی ویمنز ٹیم ٹی ٹونٹی کے بعد ون ڈے میں بھی کلین سوئپ کی خواہاں

کراچی (پاک ترک نیوز) قومی ویمنز ٹیم سری لنکن ویمنز ٹیم کیخلاف ٹی ٹونٹی کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی کلین سوئپ کی خواہاں، سیریز کا تیسرا ایک روزہ میچ کل کراچی میں کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم پہلے دو میچوں میں کامیابی حاصل کر کے سیریز جیت چکی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم اور سری لنکن ویمنز ٹیم کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل کراچی میں کھیلا جائے گا ۔ پاکستان ویمنز ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں سری لنکن ویمنز ٹیم کو 73رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گرلز ان گرین نے دو وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے، سدرہ امین نے 123 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، منیبہ علی 56 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، سدرہ امین اور منیبہ علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 158 رنز بنا کر ریکارڈ اپنے نام کیا۔مہمان باؤلرز اوشادی راناسنگھے اور کاویشا دلہاری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
254 رنز کے تعاقب میں سری لنکن ویمن ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان 180 رنز بنا سکی، ہرشیتا مدھاوی نے 41، کاویشا دلہاری نے 32 رنز بنائے۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر فاطمہ ثنا نے 4 اور عمیمہ سہیل نے اسپن کا جادو چلاتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں شاہینوں نے کلین سوئپ کیا تھا ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More