دبئی (پاک ترک نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں نیا قانون متعارف کروا دیا۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سلو اوورریٹ پر سزا کا اعلان کردیا ہے، سلو اوور ریٹ والی ٹیم کو میچ کے دوران ہی سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا قانون متعارف کرادیا ہے، نئے قانون کے تحت سلو اوور ریٹ پرایک اضافی فیلڈر دائرے میں رکھنےکی پینالٹی ہوگی اور سلو اوور ریٹ والی ٹیم کو میچ کے دوران ہی سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق قانون کا اطلاق 16 جنوری کو ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے میچ سے ہو گا۔
اس کے علاوہ آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نئی پلئینگ کنڈیشن بھی متعارف کرادی ہیں، آئی سی سی گورننگ باڈی کی جانب سے اننگز کے دوران پانی کے لیے ایک آپشنل وقفہ بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت اننگز کے درمیان 2 منٹ 30 سیکنڈ کیلئے پانی کا اضافی وقفہ بھی لیا جاسکتا ہے۔
ان قانون کیلئے تجاویز گزشتہ سال دی گئی تھیں جن پر آئی سی سی کمیٹی نے غور کے بعد منظور کیا۔ اس سے قبل انگلش اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے تحت دا ہنڈرڈ مقابلوں میں اس قانون کو لاگو کیا گیا ہے۔