پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو پاکستان میں موبائل کمپنی سام سانگ کی موبائل ڈیوائسز کی تیاری کی اجازت دے دی۔
پی ٹی اے کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو یہ اجازت موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز 2021 کے تحت دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق کمپنی نے کراچی میں سام سنگ برانڈ کے موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی اجازت کے لیے درخواست کی تھی۔
پی ٹی اے کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں سام سنگ موبائل ڈیوائسز بنانے کی اجازت ایک اہم کامیابی ہے۔
یہ صرف حکومت پاکستان کی ‘ڈیجیٹل پاکستان’ کے حوالے سے جاری کوششوں کے نتیجے میں سازگار پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا۔
پی ٹی اے کی جانب سے اب تک 25 غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کو موبائل ڈیوائسز کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت دی گئی ہے۔
ان کمپنیوں کی تیار کردہ موبائل ڈیوائسز نہ صرف ملک میں فروخت ہوں گی بلکہ خطے کی دیگر مسابقتی مارکیٹ میں بھی برآمد کی جائیں گی۔
پی ٹی اے کے مطابق موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس پاکستان میں صارفین کو روزگار کے نئے مواقع اور کم قیمت موبائل فونز کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
رواں برس جولائی سے جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی جائنٹ سام سنگ، پاکستان میں ایک موبائل مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے کے لیے 3 سرمایہ کاروں سے بات چیت کررہی تھی۔