اسلام آباد(پاک ترک نیوز) افغانستان سے متعلق بھارت میں ہونے والی مشیران قومی سلامتی کانفرنس میں پاکستان شرکت نہیں کرے گا۔پاکستان کا موقف ہے کہ بھارت اگر اپنے آپ کو درست کرلے تو ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں ۔
مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا کہناہے کہ خطے میں بھارت کا کردار سپائلر کا ہے ، امن قائم کرنے والے پیس میکر کا نہیں ، اس لیے بھارت کی جانب سے افغانستان سے متعلق بلائی گئی مشیران قومی سلامتی کانفرنس بھی بے فائدہ ہے ۔
معید یوسف نے بتایا کہ ازبکستان کے مشیر قومی سلامتی نےآج اسلام آباد میں مشترکہ پروٹوکولز پر دستخط کیے ہیں ۔ افغانستان پر پاکستان اور ازبکستان کا موقف ایک ہے ۔ وزیراعظم عمران خان بارہا یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان جیواکنامک پیراڈائم میں اپنے آپ کو مکمل ڈھال رہا ہے ۔