پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کا دورہ سعودی عرب

وزیراعظم عمران خان کل تین روزہ دورے پر سعودی عرب جا رہے ہیں۔ پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل جاوید قمر باجوہ پہلے ہی چار روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔

پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کے دورہ سعودی عرب کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر 7 سے 9 مئی تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے جس میں وزیر خارجہ، کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہو گا۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کی سعودی قیادت سے مشاورت میں دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں کو شامل کیا جائے گا، دونوں ممالک میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا جب کہ دورے کے دوران متعدد دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے اور جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب 20 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کا گھر ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More