کوئٹہ: (پاک ترک نیوز) کوئٹہ میں پولیس ٹرک کے قریب خودکش دھماکے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 28زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلیلی کسٹم کے علاقے میں کچلاک بائی پاس پر بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خودکش دھماکے میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ 20 پولیس اہل کاروں سمیت 27 افراد زخمی ہو گئے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جب کہ علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے، بم ڈسپوزل سکواڈ کی جانب سے دھماکے کے مقام کی سرچنگ کا عمل جاری ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار ڈیوٹی پر جا رہے تھے، اس دوران رکشہ نے ٹرک کو ہٹ کیا، خودکش دھماکے میں 20 سے 25 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
صدر عارف علوی نے کوئٹہ کے نواحی علاقے بلیلی میں پولیو مہم کے دوران ڈیوٹی پر موجود گاڑی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور دھماکے میں بچے اور پولیس اہلکار کے جان بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ بچے ہمارا بیش قیمت قومی اثاثہ اور مستقبل ہیں، پاکستان کے بچوں کو پولیو جیسی بیماری سے محفوظ رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، سماج دشمن عناصر کو پولیو کے مکمل خاتمے کے مشن میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔
صدر مملکت نے زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی اور جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی ہے۔
وزیراعظم میاں شہبازشریف نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی اور کہا ہے کہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، شرپسندوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
میاں شہباز شریف نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔
ادھر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا۔
سابق وزیراعظم نے زخمیوں کے مکمل اور معیاری علاج کی ضرورت پر زور دیا، زخمیوں کی جلد و مکمل شفایابی کیلئے دعا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بلیلی چیک پوسٹ بلوچستان میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں اور بچے کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے زخمی پولیس اہل کاروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ دھماکا بظاہرخودکش لگتا ہے، بلوچستان حکومت سے واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کا ٹارگٹ پولیس پارٹی تھی، پولیس شہداء کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں، قوم کو ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔