یوکرین کے وزیر دفاع نے طبل جنگ بجا دیا ،فوج کو تیار رہنے کا حکم

کیف (پاک ترک نیوز) یوکرین کے وزیر دفاع نے طبل جنگ بجا دیا، فوج کو روس کیخلاف جنگ کیلئے تیار رہنے کا حکم دیدیا ۔اپنے پیغام میں یوکرین کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ جنگ کیلئے تیار رہیں جس میں سختیاں بھی ہوں گی نقصان بھی ہوگا لیکن ہمیں درد کو برداشت کرتے ہوئے خوف اور مایوسی پر قابو پانا ہے۔
وزارت دفاع کی ویب سائٹ پر انتہائی جذباتی پوسٹ تحریر کرکے سیکیورٹی اہلکاروں کے لہو کو گرما دیا۔وزیر دفاع اولکسی ریزنیکوف نے ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ جنگ کے لیے تیار رہیں جس میں سختیاں بھی ہیں اور نقصانات بھی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں درد کو برداشت اور اپنے خوف اور مایوسی پر قابو پانا ہوگا اور اگر ہم نے ایسا کرلیا تو ہماری فتح یقینی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس ایک بار پھر سویت یونین کی تاریخ دہرا رہا ہے اور گزشتہ روز فوجی جارحیت سے اپنا اصل چہرہ بے نقاب کردیا۔
وزیر دفاع کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب روسی صدر نے مشرقی یوکرین کے دو صوبوں کو خود مختار ریاستیں تسلیم کرتے ہوئے اپنی فوجیں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔روسی صدر کے اس عمل کی عالمی رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جب کہ امریکا نے روس پر پابندیوں کے بارے میں حتمی فیصلہ کرلیا ہے ۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More