اردن کی قومی ائرلائن نے بندش سے بچنے کے لئے حکومت سے مدد مانگ لی

عمان (پاک ترک نیوز)اردن کی قومی ائر لائن ۔رائل جارڈینین(آر۔جے) نے حکومت سے ہنگامی طور پر مالی امداد کی درخواست کر دی ہے جسکی عدم دستیابی کی صورت میں ائر لائن کے بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بدھ کے روز جاری اپنے بیان میں ائر لائن کے چیف ایگزیکٹو سمیر مجالی نے کہا ہے کہ کرونا کی وباء کے نتیجے میں دنیا بھر کی حکومتوں نے اپنی قومی ائرلائنوں کو نقصانات میں مدد دینے کے لئے بھاری رقوم فراہم کی ہیں۔ مگر اردن کی حکومت نے ہمیں ابھی تک اپنے نقصانات سے نمٹنے کے لئے کوئی مدد فراہم نہیں کی۔اب پانی سر سے اوپر ہو گیا ہے ۔ اگر ہمیں فوری طور پر ایک ارب ڈالر کی رقم نہ ملی تو ائر لائن دیوالیہ ہوجائے گی۔ سمیر مجالی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ائرلائن کی نجکاری کر کے 2007ءمیں خطیر رقم حاصل کی تھی اور بعد ازاں اسکے حصص خرید کر دوبارہ اسکا کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ 2017ء سے اب تک حکومت نےائرلائن کوقرضوں کی ادائیگی کے لئے صرف پانچ کروڑ ڈالر کی امداد دی ہے جسکی منظوری تو چار سال قبل دی گئی تھی مگر فراہمی پچھلے سال ہوئی تھی۔
آر جے کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ انکی ائرلائن کرونا کی آمد سے قبل ایک منافع بخش ادارہ تھی اور اس سے حکومت نے سالانہ لاکھوں دینار ٹیکسوں اور منافع کی مد میں حاصل کئے ہیں ۔اب ہمیں مدد کی فوری ضرورت ہے ۔اگر ہمیں رقم مل جائے تو آر۔جے 2025ء تک پھر سے منافع کمانے لگےگی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More