امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے صدر ولاد میر پیوٹن کو دھمکی دی ہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کی قیمت ہر صورت ادا کرنی پڑے گی۔
امریکی نیوز چینل اے بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر جو بائیڈن نے کہا کہ روسی صدر کو 2020 میں ہونے والی امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت اور مداخلت پر نتائج بھگتنے ہوں گے۔
جو بائیڈن سے سوال کیا گیا کہ نتائج کس صورت میں بھگتنا ہوں گے تو امریکی صدر نے جواب دیا کہ بہت جلد دنیا دیکھے گی۔
امریکی صدر نے یہ بات ایک انٹلی جنس رپورٹ پر کہی جس میں امریکی انٹلی جنس اداروں نے کہا ہے کہ نومبر 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات میں روس کے صدر ولاد میر پیوٹن نے مداخلت کی کوشش کی تاہم روس اس رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں بائیڈن نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ روسی صدر ولاد میر پیوٹن قاتل ہیں۔ انہوں نے کہا میں بخوبی جانتا ہوں۔ غیر ملکی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے تجربے کے بعد میں کہہ سکتا ہوں کہ کون سا لیڈر کیسا ہے۔
دوسری طرف امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ "اسٹریٹجک آرمز ریڈکشن ٹریٹی (سٹارٹ)” کے مذاکرات بھی شروع کرنے کا عندیہ دیا۔