استنبول (پاک ترک نیوز)
اقوام متحدہ، ترکی اور یوکرین نے روس کے بحیرہ اسود کے اناج کے معاہدے سے دستبرداری کے اعلان کے بعد ترکی کے پانیوں میں موجود 16 جہازوں کے لیے نقل و حرکت کی اجازت دینے کے منصوبے پر اتفاق کیا ہے۔
پیر کے روز جاری ہونے والےاستنبول میں قائم جوائنٹ کوآرڈینیشن سینٹر (جے سی سی) کےایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں وفود نے پیر کو 40 باہر جانے والے جہازوں کا معائنہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔جے سی سی نے کہا ہے کہ روسی فریق کو اس پیشرفت سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فی الحال، استنبول کے ارد گرد جے سی سی معائنہ کے لیے 97 لدے ہوئے جہاز اور 15 آبنائے کےاندر جانے والے جہاز رجسٹرڈ ہیں اور مزید 89 جہاز وہ ہیںجنہوں نے اس اقدام میں شامل ہونے کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔
قبل ازیں، ترکی کی وزارت دفاع نے کہا تھاکہ وزیر دفاع ہولوسی آکار بحیرہ اسود کے اناج کی برآمدات کی بحالی کے لیے اپنے ہم منصبوں کےساتھ بات چیت اور ہم آہنگی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تاہم ہفتے کے روز بحیرہ اسود کے روسی بحری بیڑے پر یوکرینی حملوں کے بعد ، روس نے اعلان کیا کہ اس نےیوکرینی اناج برآمد کرنے کے معاہدے میں اپنی شرکت معطل کر دی ہے۔