استنبول (پاک ترک نیوز)
استنبول کی تاریخی آیا صوفیہ گرینڈ مسجد نے حال ہی میں 86 سال تک ایک میوزیم کے طور پر کام کرنے کے بعد مسجد کے طور پر دوبارہ کھلنے کے دوسرے سال میں65لاکھ سے زیادہ زائرین کا خیرمقدم کیا ہے۔
استنبول کے نائب مفتی احمدآق ترک اولو کے مطابق مشہور یادگار 1453 میں استنبول کی فتح سے قبل 916 سال تک چرچ کے طور پر کام کرتی رہی۔ اس کے بعد اس نے 1453 سے 1934 تک تقریبا 500 سا ل تک بطور مسجد – اور حال ہی میں2020تک 86 سال ایک میوزیم کے طور پر کام کیا ہے۔
ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کی طرف سے ترکی کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تاریخی عمارتوں میں سے ایک آیا صوفیہ کو 1985 میں یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔تاہم 10 جولائی 2020 کو، ترکی کی ایک عدالت نے 1934 کے کابینہ کے اس حکم نامے کو کالعدم قرار دے دیا جس نے 86 سال کے لئے آیا صوفیہ کو ایک عجائب گھر میں تبدیل کر دیا تھا۔
یادگار کو 24 جولائی 2020 کوآیا صوفیہ گرینڈ مسجد کے طور پر اپنی سابقہ شان میں بحال کیا گیا تھا۔ اور اسکے افتتح کے موقعہ پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے 86 سالوں میں پہلی بارآیا صوفیہ کے اندر سینکڑوں نمازیوں کے ساتھ نماز ادا کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آیا صوفیہ، دنیا بھر کی دیگر اہم عبادت گاہوں کی طرح سیاحوں اور عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔جبکہ آیا صوفیہ گرینڈ مسجد میں نو روزہ عید الاضحی کی تعطیل کے دوران روزانہ 120,000 سے زیادہ لوگ آتے ہیں۔