نیویارک (پاک ترک نیوز)
ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کی خریداری کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کے بعد اب ٹوئٹر کی خریداری کا معاملہ عدالت میں جانے کے خدشے پر سوشل میڈیا کمپنی کے شیئرز کی قدر چھ فیصد گر گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کی خریداری کے لیے 44 ارب ڈالر کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کے بعد سوشل میڈیا کمپنی کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے اعلان کیا ہے کہ ٹوئٹر کے بورڈ نے اس پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل جمعہ کے روز ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر کی خریداری کے معاہدے کو ختم کر رہے ہیں کیونکہ کمپنی نے متعدد شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔
ٹوئٹر کے چیئرمین نے اس بیان کا ٹویٹ کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’ٹوئٹر بورڈ کمپنی کی فروخت کے لیے ایلون مسک کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی رقم اور شرائط پر قائم ہے اور اس پر عمل کرانے کے لیے قانونی کارروائی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ ہم قانونی جنگ جیت جائیں گے۔جبکہ ایلون مسک کے وکیل نے ایک تحریری نوٹس میں کہا ہے کہ معلومات اور جعلی یا سپیم اکاؤنٹس کی معلومات فراہم کرنے کی متعدد درخواستوں کا ٹوئٹر نے جواب نہیں دیا اور کئی بار انکار بھی کیا۔وکیل کے نوٹس کے مطابق ’ٹوئٹر نے معاہدے کی متعدد دفعات کی خلاف ورزی کی ہے۔ اور ایسا لگتا ہے کہ معاہدے کے وقت اس نے غلط اور گمراہ کن معلومات فراہم کیں جن پر ایلون مسک نے انحصار کیا تھا۔
ایلون مسک کے فیصلے کے نتیجے میں ارب پتی اور سان فرانسسکو میں قائم سوشل میڈیا کمپنی کے درمیان ایک طویل قانونی جنگ کا امکان ہے۔