بنگلہ دیش کو پاکستان سے الگ کرنے کی سوچ غلط تھی، وزیر اعظم

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کو پاکستان سے الگ کرنے کی سوچ غلط تھی اور آج بنگلہ دیش کی فارن ٹریڈ سب سے زیادہ ہے۔تمام مشکلات کے باوجود اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام حاصل کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی کے تمام شعبوں میں اچھی تربیت دی جا رہی ہے اور قوم کی بیٹیاں بھی دستے میں شامل ہیں۔ بیٹیاں زندگی کے ہر شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ہمیں دنیا کے ساتھ چلنا ہے اور امریکہ سے ہمارے تعلقات بگاڑنے کی کیا ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تمام مشکلات کے باوجود اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام حاصل کریں گے۔ پولیس نے عوام کو دہشت گردوں، چوروں اور ڈاکووں سے بچانے کے لیے قربانیاں دیں اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ پولیس نے عوام کو امن اپنے خون سے نصیب کیا اور یقین دلاتا ہوں پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ تاریخ پولیس کی قربانیوں کو سنہرے الفاظ میں لکھے گی۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اے ڈی خواجہ ایماندار پولیس آفیسر ہیں اور گزارش ہے کہ جس طرح اکیڈمی چلا رہے ہیں دیگر لوازمات بھی پورے کریں۔ پاکستان کا بہترین کاونٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ لاہور میں بنایا گیا۔
سیلاب متاثرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے اور سیلاب آیا تو حکومت نے 100 ارب روپے متاثرین کو فراہم کیے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کا وفد پاکستان آیا اور وفد نے پلندہ کھولا کہ ہم نے 5 سال قبل یہ منصوبہ دیا تھا، اسپتال بنانے کے لیے گرانٹ دیئے گئے تھے اور آسان قرضے بھی دیئے جا رہے تھے لیکن ان منصوبوں پر کام ہی شروع نہیں کیا گیا۔ میں نے سعودی عرب نے 2 دن کا وقت مانگا اور ٹیم کو 48 گھنٹے دیئے لیکن ٹیم 24 گھنٹے میں کام مکمل کر کے پہنچ گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 48 گھنٹے میں کام ہو گیا جو 5، 6 سال سے پڑا ہوا تھا۔ یہ تمام فائلیں الماریوں میں پڑی تھیں۔ بڑی مشکل سے آئل فیلڈ پر دوبارہ کام کیا ہے اور چین سے شمسی توانائی کے حوالے سے بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ نیب سے ہم ڈرتے تھے کام نہیں کیا یہ کوئی بات نہیں۔ منصوبوں پر ایک اینٹ لگانے کے بجائے اس پر کام ہی شروع نہیں کیا گیا۔ سعودی عرب گیا تو شہزادہ سلمان سے بھی بات کی اور شہزادہ سلمان سے گرانٹ میں تاخیر پر معذرت کی۔ شہزادہ سلمان مسکرائے اور کہا کہ آپ پاکستانی میرے بھائی ہیں۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More