ریز (پاک ترک نیوز)
ترکی میں دو روز میںٹریفک کے ایک اور بڑے حادثے میں 18سعودی شہری زخمی ہوگئے ۔جن میں 4بچے بھی شامل ہیں۔ ٹریفک حادثے میں زخمی سعودیوں کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی میں 23 سعودی سیاحوں کو ریز شہر لے جانے والی ایک بس کو اتوار کی علی الصباح حادثہ پیش آیا۔ بس میں چار بچے بھی سوار تھے۔حادثے میں 18 سعودی زخمی ہوئے۔ ان میں سے 6 ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
سعودی سفارتخانے نے بیان میں کہاہے کہ بس کے حادثے کی اطلاع ترکی کے متعلقہ حکام نے دی تھی۔ سعودی سفارتخانے نے بتایا کہ فوری طور پر افسوسناک حادثے کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی گئی۔ انہیں تمام بنیادی ضرورتیں فراہم کی جارہی ہیں۔جبکہ انقرہ میں سعودی سفارتخانہ حادثے کے بعد سعودی سیاحوں کے حوالے سے صورتحال کو دیکھ رہا ہے۔
قبل ازیں ہفتہ کے روز ترکی میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں کم از کم 34 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے، دونوں حادثے ملک کے جنوب میں پیش آئے۔