استنبول (پا ک ترک نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے استنبول میں روسی انرجی فرم گیس پروم کے چیئرمین الیکسی میلر نے ملاقات کی۔
ترک صدر اور روسی انرجی فرم گیس پروم کے چیئرمین کی ملاقات استنبول کے قصر وحد الدین میں ہوئی ۔اس ملاقات میں ترکیہ میں گیس سنٹر کے قیام کے ساتھ ساتھ ترکیہ کو روسی گیس کی فراہمی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر اردوان کا کہنا تھا کہ ” ہم نے روسی صدر کے ہمراہ ترکیہ سے یورپ کو قدرتی گیس کی ترسیل کے لیے مرکزی مقام بنانے کی ہدایت کی ہے، یہ ایک بین الاقوامی ترسیل مرکز ہو گا۔
خیال رہے کہ روسی صدر ولادمیر پوتن نے ترکیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ روس سے یورپ سمیت دیگر ممالک کو قدرتی گیس کی ترسیل کے لیے سب سے قابل اعتماد راستوں میں سے ایک بن گیا ہے۔
انہوں نے ترکیہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ "ہم ترکی میں ایک بڑا مرکز قائم کر سکتے ہیں” تاکہ گیس کے ترسیل کو یقینی بنایا جا سکے۔