حج 1443ھ کے لیے دس نکاتی آپریشنل پلان کا اعلان کر دیا گیا

مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کورونا وبا کے بعد حج 2022 (1443ھ ) کے لیے آپریشنل پلان کا اعلان کیا ہے۔
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق اتوار کے روز اعلان کردہ منصوبے میں حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دس نکات پر مشتمل آپریشنل پلان سے سعودی 2030 کےتزویراتی اہداف پورے کیے جائیں گے۔ منصوبے کے اعلان کےموقع پر وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ، امن عامہ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ محمد البسامی بھی موجود تھے۔
ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین انتظامیہ نے گزشتہ حج موسم ختم ہوتے ہی آئندہ حج کے لیے ماسٹر پلان کی تیاری شروع کردی تھی۔سال رواں کے آپریشنل پلان میں اس بات کا لحاظ رکھا گیا ہے کہ تمام ادارے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں۔ عازمین حج کی صحت و سلامتی کو سب سے مقدم رکھا جائے۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے مسجد الحرام کی تیسری سعودی توسیع کے مصلوں، بیرونی صحنوں اور شاہ فہد والی توسیع کے حصوں کو حجاج کےلیے پوری طرح سے تیار کردیا ہے۔ البتہ خانہ کعبہ کے اطراف والا صحن (مطاف) صرف حجاج کے لیے مختص ہوگا جبکہ مطاف کے تہ خانے اور پہلی و دوسری منزل کے مصلے طواف کی دو رکعت سنت ادا کرنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں باب ملک عبدالعزیز، باب ملک فہد اور باب السلام حج اور عمرے پر آنے والوں کے لیے خاص ہیں۔ انہی دروازوں سے حج و عمرے پر آنے والے داخل ہوں گے۔ انتظامیہ نے گیٹ نمبر 144 کو نمازیوں کے داخلے کے لیے مختص کیا ہے۔
ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس نے کہا کہ ’انتظامیہ نے عازمین حج کے لیے خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کا بھرپور اہتمام کیا ہے اور اس بات کو اہمیت دی گئی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، سمارٹ ایپلی کیشنز، روبوٹس اور بریل سسٹم والے قرآن کریم کے نسخوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نےبتایا کہ ہر روز آب زمزم کی 30 لاکھ بوتلیں زائرین کودی جارہی ہیں جبکہ 25 ہزار سے زیادہ زمزم کولرز مسجد الحرام کے تمام حصوں میں رکھے گئے ہیں۔ آب زمزم کی سبیلیں اور موبائل گاڑیاں بھی ہیں۔انتظامیہ مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی تمام مقامات کی ہر روز دس بار سینیٹائزنگ بھی کرا رہی ہے تاکہ ماحول وبائی جراثیم سے صاف رہے۔
مزید براںحرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اعلی نے بتایا کہ بوڑھے اور معذور عازمین حج کے لیے 1800 سے زیادہ الیکٹرانک وہیل چیئرز کا بندوبست کیا گیا ہے۔ تنقل ایپ کے ذریعےمسجد الحرام پہنچنے سے قبل بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔
حج سے قبل مدینہ جانے والےڈیڑھ لاکھ کے قریب عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں
مدینہ منورہ (پاک ترک نیوز)
سعودی عرب میں مسجد نبوی کی زیارت اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری کےلیے اب تک ایک لاکھ 47 ہزار سے زیادہ عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے پیر کے روز جاری ہونے والے بیان میں بتایا ہے کہ ایک لاکھ 36 ہزار 7 عازمین مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ چکے ہیں۔ جبکہ بری راستے سے 11 ہزار 87 عازمین حج الھجرۃ استقبالیہ سینٹر سے مدینہ منورہ میں داخل ہوئے۔ یہ اعدادوشمار پہلی حج پرواز سے لے کر 18 جون تک کے ہیں۔
وزارت حج نے مدینہ منورہ آنے والے عازمین کے حوالے بتایا کہ 26 ہزا 304 کا تعلق انڈونیشیا سے ہے ان کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ دوسرے نمبر پر انڈین ہیں جن کی تعداد 21ہزار 790 ہے۔ تیسرے نمبر پر پاکستانی ہیں جن کی تعداد نوہزار383 ہے۔ بنگلہ دیشی آٹھ ہزار 680 اورایرانی عازمین کی تعداد چھ ہزار326 ہے۔
وزارت نے یہ بھی بتایا ہےکہ 49 ہزار 388 عازمین مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں جبکہ مدینہ منورہ میں موجود مختلف ممالک کےعازمین کی تعداداب 97 ہزار690 ہے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More