حکومت کا غیر ضروری اور پرتعیش اشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد(پاک ترک نیوز)حکومت نے غیر ضروری اور پرتعیش اشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا اجلاس میں ملک کی معاشی تشویش ناک صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے معاشی مشکلات سے نمٹنے کےلیے سخت فیصلے کرنے پر اتفاق کیا جس کے نتیجے میں روپے کی بے قدری میں کمی آئے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر کے بحران سے نمٹنے کے لیے غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کردی اور اس فیصلے کا فوری طور پر اطلاق ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی درآمد پر قیمتی زرمبادلہ خرچ نہیں ہونے دیں گے۔
وزارت تجارت اور ایف بی آر نے اشیائے تعیشات کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کی تیاری کرلی۔ وزیراعظم کی منظوری کی سمری موصول ہونے پر امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم کی جائیں گی اور بڑی گاڑیوں، مہنگے موبائل فونز، کاسمیٹکس سمیت دیگر اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
درآمدات پر پابندی کا مقصد درآمدی بل کم کرنا ہے۔ اس اقدام سے ماہانہ ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے اور روپے کی قدر میں استحکام و بہتری لانے میں مدد ملے گی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More