رواں سال حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر 6ہزار افراد گرفتار۔حج سیکیورٹی فورس کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی

مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
حج کی سیکورٹی پر مامور اداروں نے اس برس حج کےموقع پر حج پرمٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 6ہزار سے زائد افراد کو حراست میں لینے کے علاوہ حج خدمات فراہم کرنے والے 84اداروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
یہ معلومات گذشتہ روز یہاںادارہ امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سیکیورٹی فورس کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے اخبار نویسوں سے گفتگو میں بتائی۔ انہوں نے کہاکہ حج سیزن کے دوران حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر 6 ہزار 310 افراد کو گرفتار کیا گیاہے۔ جبکہ مملکت کے مختلف ریجنز میں جعلی حج خدمات فراہم کرنے والے 84 اداروں کو سیل کرکے ان کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
 جنرل البسامی نے حج سیزن کے بارے میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے مزید کہا کہ حج سیزن کے آغاز سے ہی مکہ مکرمہ کے تمام داخلی راستوں کو سیل کردیا گیا تھا تاکہ کوئی بھی حج پرمٹ کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخل نہ ہوسکے۔
مکہ مکرمہ کی داخلی چیک پوسٹوں پرمتعین سیکیورٹی اہلکاروں نے مختلف اوقات میں بغیر پرمٹ کے مکہ جانے کی کوشش کرنے والے ایک لاکھ 25 ہزار 481 افراد کو واپس کیا جبکہ 72 ہزار 503 بڑی گاڑیوں کو بھی واپس کیا جن کے مالکان کے پاس مشاعر میں جانے کے خصوصی پرمٹ نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ حج پرمٹ کے بغیر لوگوں کومشاعر منتقل کرنے والے 27 افراد کے خلاف تادیبی و انتظامیہ کمیٹی نے فوری طور پر فیصلے صادر کردیے ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ حج ایام کا آغاز ذوالحجہ کی پہلی تاریخ سے ہوجاتا ہے اس دوران حج پرمٹ کے بغیر یا ایسے افراد جن کی رہائش مکہ مکرمہ میں نہیں ہوتی کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوتی۔ جبکہ حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ کام کی غرض سے جانے والوں کو خصوصی پرمٹ حاصل کرنا ہوتا ہے بصورت دیگر وہ ایام حج میں مکہ مکرمہ میں داخل نہیں ہوسکتے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More