لندن (پاک ترک نیوز)
حکومت برطانیہ کے عوام کو ملکہ کے آخری دیدار کی اجازت دینے کے فیصلے کی روشنی میں حکام نے ویسٹ منسٹر ہال میں رکھے گئے ملکہ الزبتھ کے تابوت تک عوام کی منظم طریقے سے رسائی کے انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دیا ہے۔ ملکہ کے آخری دیدار کا سلسلہ بدھ کی شام سے شروع ہو گا۔
برطانیہ پر سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے کے بعد فوت ہونے والی ملکہ کوآخری نظر دیکھنے کو 19 ستمبر کو ہونے والی ان کی سرکاری تدفین سے قبل لاکھوں لوگوں کی آمد متوقع ہے۔جبکہ آخری رسومات میں متعدد عالمی رہنما شرکت کریں گے۔
اسی ضمن میں ریل آپریٹرز نے کہا ہے کہ وہ اس موقعہ پر لندن کے اندر مسافروں کی تعداد میں نمایاں اضافے کی توقع کررہےہیں۔ اسی لئے انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پیدل اپنی منزلوں کے لیے راستہ مکمل کرنے کی تیاری رکھیں۔
دریں اثنا برطانوی وزارت ثقافت نے کہا ہے کہ عوام پارلیمنٹ کے ویسٹ منسٹر ہال میں تابوت کو بدھ 14 ستمبر کی شام 5 بجے سے لے کر 19 ستمبر کی صبح ساڑھے 6بجے تک 24 گھنٹے دیکھ سکیں گے۔وزارت نے مزید کہا ہےکہ جو لوگ ملکہ کا آخری دیدارکرنا چاہتے ہیں انہیں کئی گھنٹے قطاروں میں انتظار کرنا پڑے گا۔ شاید رات بھر بھی انتظار کرنا پڑے کیونکہ لوگوں کی بڑی تعداد میں آمد کی توقع ہے۔اس لئے یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ پہلے سے چیک کریں اور اس کے مطابق منصوبہ بندی کریں اور طویل انتظار کے لیے تیاری کرکے آئیں۔