نیویارک (پاک ترک نیوز) کووڈ۔ 19کی ویکسین بنانے والی کمپنیوں فائزراور بائیو این ٹیک نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی ویکسین کی تیاری کا کام شروع کر دیا ہے اور اس نئی ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز شروع کر دیے ہیں۔
کمپنیوں نے گذشتہ روز اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں کئے جانے والے ان ٹرائلز میں 18-55 سال کی عمر کے تقریباً 1,400 صحت مندافراد کو شامل کیا جا ئے گا تاکہ اس بات کا جائزہ لینے میں مدد ملے کہ آیا مختلف اقسام کے لئے مخصوص ویکسین کی ضرورت ہے یا نہیں۔
فائزرمیں ویکسین ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی سربراہ، کیتھرین جانسن کا کہنا ہے کہ موجودہ تحقیق اور دنیا بھرکے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ بوسٹرز اومیکرون کے خلاف اعلیٰ سطح کا تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ مگر ہمیں اس صورت میں تیار رہنے کی ضرورت ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ یہ تحفظ ختم ہو جاتا ہے اور ممکنہ طور پر اومیکرون اور مستقبل میں نئی قسموں سے نمٹنے میں مدد کرنے کے لیے زیادہ دیرپا اور تیز اثر ویکسین بنائی جائے۔