لاہور(پاک ترک نیوز) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں تبدیلی ،فخر زمان کو عثمان قادر کی جگہ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان نے آسٹریلیا میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بائیں ہاتھ کے بلے باز فخر زمان کو 15رکنی سکواڈ میں شامل کرلیا جبکہ لیگ سپنر عثمان قادر کو سٹینڈ بائی کھلاڑیوں میںشامل کرلیا گیا ہے ۔
فخر زمان کو ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف فیلڈنگ کرتے ہوئے گھٹنے میں چوٹ لگی تھی جس کے نتیجے میں انہیں آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹ کے لئے ٹریول ریزور کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا، فخر اب 23 اکتوبر کو بھارت کے خلاف پاکستان کے افتتاحی میچ میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
فخر زمان نے حالیہ ایشیا کپ کے دوران اپنے 6 میچوں میں صرف 96 رنز بنائے جس میں ایک گروپ میچ میں ہانگ کانگ کے خلاف نصف سنچری بھی شامل تھی۔
بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے کین ولیمسن کی نیوزی لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سہ فریقی سیریز جیت لی۔
قومی ٹیم میں بابر اعظم کپتان، شاداب خان نائب کپتان، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود شامل ہیں۔
سٹینڈ بائی کھلاڑیوں میں عثمان قادر، محمد حارث اور شاہنواز دھانی کو رکھا گیا ہے۔