پشاور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں ہماری پہلی حکومت ہے جسے کرپشن کے الزام میں نہیں ہٹایا گیا۔
پشاور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کے ساتھ برے تعلقات نہیں چاہتے، لیکن غلامی بھی نہیں چاہتے۔
عمران خان نے کہا کہ ایک سازش کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت گرائی گئی، ملک میں پہلی بار ہوا کہ کوئی حکومت گرائی گئی اور لوگ سڑکوں پر نکلے ورنہ پہلے تو مٹھائی بانٹا کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ میرا دور حکومت صرف ساڑھے3سال چلا ہے، 62 سال پاکستان فوجی آمروں اور2 خاندانوں کے ہاتھوں میں چلا ہے، شہباز شریف کو دوبارہ حکومت میں غلامی کے لیے لایا گیا ہے،
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب حکومتیں کرپشن کے الزامات کے تحت گئیں، ہماری پہلی حکومت ہے جس پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، جو مراسلہ امریکا سے آیا اس میں واضح طور پر دھمکی دی گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں کسی سے کوئی جنگ نہیں چاہتا، ہم کسی کے ساتھ برے تعلقات نہیں چاہتے، لیکن کسی کی غلامی نہیں چاہتے، میں نے امریکا کو کہا تھا کہ دوستی سب سے کریں گے، امن میں ساتھ ہوں گے لیکن جنگ میں ساتھ نہیں ہوں گے،