لاہور(پاک ترک نیوز) پنجاب میں ضمنی انتخابات کیلئے 20نشستوں پر ووٹنگ کل ہو گی ۔پولنگ سامان کی ترسیل کا عمل شروع ہو گیا، لاہور،سمیت دیگر شہروں میں سامان پریذائیڈنگ افسران کےحوالے کر دیا گیا ہے۔
ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ اتوار کو ہوگی، الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں، آخری روز ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کی جانب سے بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی۔
پنجاب اسمبلی کے 20حلقوں میں 175 امیدوار مدمقابل ہیں، 3 ہزار 140 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔45 لاکھ 96 ہزار873 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
20 حلقوں میں ضمنی انتخاب کیلئے سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم ختم ہو گئی، آخری روز مسلم لیگ ن، تحریک انصاف سمیت امیدواروں نے بھرپور مہم چلائی۔
لاہور ملتان اور بھکر کے پولنگ اسٹیشنز پر رینجرز تعینات ہو گی جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج کے جوان بھی تعینات ہوں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔