اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان سےشیڈول سے ہٹ کر 5 دن کی تاخیر سے حج آپریشن کا آغاز ہونے جارہا ہے ۔ پہلی حج پرواز 31 مئی کو روانہ ہونا تھی لیکن اب پہلی حج پرواز پانچ اور چھ جون کی درمیانی رات اسلام آباد ائرپورٹ سے روانہ ہوگی ۔
وزارت مذہبی امور کے قائمقام سیکرٹری آفتاب اکبر درانی کے مطابق حج آپریشن 2022 پلان کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے ۔ مذہبی امور نے 6 ماہ پر محیط حج آپریشن کو ایک ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے اورحاجی کیمپوں کے ذریعے 80 فیصد سے زائد سرکاری عازمین حج کی تربیت کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی حکام کی ہدایت پر روڈ ٹو مکہ کی پہلی پرواز 5 اور 6 جون کی درمیانی شب اسلام آباد سے روانہ ہو گی۔ عازمین حج کو پروازوں سے متعلق اطلاع بذریعہ ویب سائٹ اور موبائل میسیج کی جائے گی ۔ سرکاری عازمین حج پی آئی اے , ایئر بلیو، سرین اور سعودی ائیر کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں گے۔
وزارت مذہبی امور نے ہدایت کی ہے کہ پاکستان سے جانے والے عازمین حج جاری تربیتی پروگرامز میں شرکت کو یقینی بنائیںاور متعلقہ حاجی کیمپوں سے رابطہ رکھیں۔عازمین کو جو ہدایات مل چکی ہیں ان کے مطابق حج کی تیاری مکمل کریں۔