برلن (پاک ترک نیوز) اینجلا مرکل کے 16سال تک جرمنی کی چانسلر کے عہدے پرفائز رہنے کے بعد سیاست کو خیرآباد کہنے کے فیصلے کے نتیجے میں سابق نائب چانسلر اور وزیر خزانہ 63 سالہ اولاف شلز نے جرمن پارلیمنٹ میں اپنی نامزدگی اوراتحادی حکومت کے 395ارکان کی حمایت کے ساتھ اپنے عہدے کا حلف اٹھالیاہے۔
اولاف شلز کو اپنی دھیمی طبیعت اور معاملہ فہمی کے باعث اینجلا مرکل کا حقیقی جانشین قرار دیا جا رہاہے۔وہ اینجلا مرکل کے ساتھ وزیر خزانہ اور حال ہی میں نائب چانسلر کے طور پر فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔ اولاف شلز کی بطور جرمن چانسلرنامزدگی سہ جماعتی حکومتی اتحاد کی جانب سے اتفاق رائے سے کی گئی تھی اور اب اس اتحاد کو قائم رکھتے ہوئے جرمنی کو آگے لے جانے کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر آن پڑی ہے۔ جرمن حکومت کے بیان کے مطابق اینجلا مرکل آج شام اولاف شلز کوجرمن چانسلر کے دفتر میں منعقد ہونے والی تقریب میں انکی ذمہ داریاں سونپیں گی۔