مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)
حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے حج1443ھ کے سلسلے میںکعبہ کے غلاف (کسوا) کے نچلے حصے کو تقریباً تین میٹر بلندکر کے احرام پہنانے کا سالانہ روایتی طریقہ کار مکمل کر لیا ہے۔کسوا کا اٹھا ہوا حصہ اب سفید سوتی کپڑے کے احرام سے ڈھکا ہوا ہے جس کی چوڑائی چاروں اطراف میں تقریباً دو میٹر ہے۔
حرمین شریفین کے انتظامی امورکے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے بھی کنگ عبدالعزیز کمپلیکس کے سعودی ماہر درزیوں کے ہمراہ کسوا کو اٹھانے کے حج کی تیاری کے لیے روایتی طریقہ کار میں حصہ لیا۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ جب سےسعودی حکومت کا قیام شاہ عبدالعزیز کے ہاتھوںہوا ہے۔ دو مقدس مساجد اور خاص طور پر خانہ کعبہ کے ساتھ ساتھ حج اور عمرہ کے زائرین کی دیکھ بھال اور عام طور پر ان کے لیے سہولیات کی فراہمی یہ سعودی حکومت کی خواہش کی توسیع ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب ہر وہ کام کر رہا ہے جس سےاللہ کے مہمانوں کو آسانی اور آرام سے اپنی عبادات اور رسومات ادا کرنے میں سہولت ہو۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ماضی میں غلاف کعبہ کو اوپر اٹھائے بغیر ہی سفید کپڑے کی چادروں میں لپیٹا جاتا تھا۔ مگر بعد میں کعبہ کا کسوا تین میٹرتک اوپر اٹھانے کا عمل ہر سال احتیاطی تدابیر کے طور پر انجام دیا جانےلگا تاکہ حجاج کسوا کو نقصان نہ پہنچا سکیں کیونکہ وہ اپنے طواف کعبہ کے دوران اسے چھونے کا رجحان رکھتےتھے۔تاہم کورونا کی وباکے بعد اب پانچ فٹ اونچی دیوار کی تعمیر سے حاجیوں کی کعبہ شریف تک رسائی ناممکن بنا دی گئی ہے۔