اسلام آباد(پاک ترک نیوز) حاجیوں کو ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس واپسی آج سے شروع ہو گی ۔وزارت مذہبی امور نے 31اگست تک حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ روپے واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امورمفتی عبدالشکور نے بتایا کہ سبسڈی کی مد میں 31اگست تک حاجیوں کو فی کس ڈیڑھ لاکھ واپس ملیں گے۔ رقم کی ادائیگی 17 اگست سے 31 اگست تک مکمل کی جائے گی۔
حجاج اصل شناختی دستاویزات دکھا کر یہ رقوم متعلقہ بینکوں سے لے سکتے ہیں اور جن حاجیوں کے اکائونٹس ہیں ان کی رقم ان کے اکائونٹ میں منتقل کردی جائے گی۔
5 ارب 10 کروڑ 73 لاکھ 50 ہزار روپے کی رقم سرکاری اسکیم کے تمام 34049 حاجیوں کو ادا کی جائے گی۔ 34 ہزار 49 سرکاری حجاج کو رقوم کی واپسی کی اطلاع بذریعہ موبائل SMS کی جائے گی جس کیلیے سرکاری حجاج مقررہ وقت کے اندر اپنے متعلقہ بینک سے رابطہ کریں۔