جولائی میں ترسیلات زر گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 7.8فیصد کم

کراچی(پاک ترک نیوز) ترسیلات زر جولائی 2022ء میں گزشتہ ماہ جون 2022کے مقابلے میں 7.8فیصد کم ہو کر 2.5ارب ڈالر ہو گئیں ۔ترسیلات زر نے مسلسل 26 مہینوں تک 2 ارب ڈالر سے زائد کی ریکارڈ آمد کا تسلسل برقرار رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال 2022-23 کے پہلے ماہ (جولائی )کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانیوالی ترسیلات زر میں جون کے مقابلے میں 7.8 فیصد کمی کا انکشاف ہوا ہے تاہم گذشتہ ماہ سعودی عرب میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ ترسیلات زر پاکستان بھجوائی گئی ہیں۔
جولائی 2022ء میں ترسیلات زر کی آمد کے اہم ذرائع میں سعودی عرب (580.6 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (456.2 ملین ڈالر)، برطانیہ (411.7 ملین ڈالر) اور امریکہ (254.3 ملین ڈالر ) شامل ہیں۔
سٹیٹ بینک نے بیرون ملک سے پاکستان بھیجی جانے والی ترسیلات زر کی تفصیلات جاری کردی ہیں ۔سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی کی ورکرز ترسیلات ڈھائی ارب ڈالر رہیں ۔
اسماعیل اقبال سیکیورٹیز کے ریسرچ ہیڈ فہد رؤف نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جولائی میں ترسیلاتِ زر کمی کی وجہ ایام کار کی تعداد میں کمی ہی قرار دی جاسکتی ہے کیوں کہ عالمی اقتصادیات کے بنیادی عوامل میں کوئی ایسا بڑا تغیر رونما نہیں ہوا جسے ترسیلاتِ زر میں کمی کا سبب ٹھہرایا جاسکے۔
نمو کے لحاظ سے جولائی 2022 ء کے دوران ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ بنیادوں پر 8.6 فیصد اور سال بسال بنیادوں پر 7.8 فیصد کمی ہوئی۔ یہ کمی بڑی حد تک جولائی میں عید کے سبب کاروباری دنوں کی کم تعداد کی عکاس ہے جو 17 رہے، جبکہ اس سے پچھلے مہینے میں کاروباری دنوں کی تعداد 22 اور جولائی 2021ء میں 18 رہی تھی۔

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More