نیویارک(پاک ترک نیوز) امریکہ اور پاکستان کے درمیان ایف 16طیاروں کی دیکھ بھال کیلئے 45کروڑ ڈالر کا معاہدہ ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان کی جانب سے ماضی کی طرح ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کو برقرار رکھنے کی درخواست کی گئی تھی تاکہ پاکستان ایئر فورس کے ایف 16 بیڑے کی معاونت کی جا سکے اور اس حوالے سے مزید عوامل بھی شامل کیے جا سکیں۔امریکی وزارتِ خارجہ نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے آلات اور سروسز کی مد میں 45 کروڑ ڈالر کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق امریکہ کی ڈیفنس سکیورٹی کو آپریشن ایجنسی نے اس حوالے سے مطلوبہ سرٹیفیکیشن فراہم کر دی ہے جس کے بعد کانگریس کو اس ممکنہ فروخت کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔
ممکنہ معاہدے کے تحت امریکی حکومت اور لاک ہیڈ مارٹن کی جانب سے انجینئرنگ، تکنیکی اور لاجسٹیکل سروسز فراہم کی جائیں گی۔