اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ سیلاب کے متاثرین کے لیے ترکی کی امداد اور انسانی ہمدردی کا خیرمقدم کیا ہے۔ اور ٹرکیہ کی حکومت سمیت ملک کے امدادی اداروں کی بچاؤ اور امدادی کاروائیوں کو سراہا ہے۔
گذشتہ روز یہاںترک خیر سگالی کے سفیر حقی تورنق کی قیادت میں ترک ہلال احمرکے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے متعدد ترک امدادی اداروں کی طرف سے شروع کی گئی امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں کو سراہا، جس نے ملک بھر میں دسیوں ہزار سیلاب زدگان کی مدد کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ترکی کے سفیر مہمت پاچی بھی موجود تھے۔
شریف نے کہاکہ "2005 کا زلزلہ ہو، 2010 کا سپر فلڈ ہو اور حالیہ سیلاب، ترکی ہمیشہ پاکستانیوں کی مدد کے لیے آگے آیا ہے،” سپلائی سے لدی ٹرینیں بھیجنے پر صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے ترکی کی جانب سے امدادی کارروائیوں کے لیے فراہم کردہ 50 کشتیوں کا بھی ذکر کیا جنہوںنے سندھ اور بلوچستان کے صوبوں کے سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہزاروں افراد کو منتقل کرنے میں مدد کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خیر سگالی کے سفیر حقی نے نہ صرف بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں بلکہ ملک بھر میں سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے اپنی مکمل حمایت کااعادہ کیا۔
یاد رہے کہ ترکی اب تک ہزاروں ٹن امدادی سامان سے لدے ہوئے 15 طیارے اور 13 ٹرینیں جن میں خیمے، کشتیاں، کھانے پینے کے پیکجز، ادویات، ویکسین، کچن کا سامان اور دیگر سامان سیلاب زدہ پاکستان کے لیے بھیج چکا ہے۔