ریاض (پاک ترک نیوز)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے ہر سال 11 مارچ کو ملک بھر میں یوم پرچم منانے کا شاہی فرمان جاری کر دیا ہے
سعودی میڈیا کے مطابق شاہ سلمان نے یوم پرچم منانے کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ1727 میں سعودی ریاست کے قیام کے ساتھ ملک کا پرچم توحید، امن اور اسلام کا پیغام دیتا آرہا ہے۔گزشتہ تین صدیوں سے اس ریاست کے پرچم میں تلوار قوت، حکمت اور تمکنت کی علامت رہی ہے۔اس ملک کے رہائشی اسی پرچم کے سایہ تلے متحد ہوئے اور اسی کو اپنی عزت و فخر کا سبب مانتے ہیں۔
شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ سعودی پرچم کسی بھی حال میں سرنگوں نہیں ہوتا، یہ ہمیشہ بلند رہے گا اور لہراتا رہے گا۔اسی بنا پر بانی مملکت شاہ عبد العزیز نے 11 مارچ 1937 بمطابق 27 ذو الحج 1355 کو اسی پرچم کو ریاست کا پرچم مقرر کیا تھا جسے آج ہم موجودہ شکل میں دیکھ رہے ہیں۔سعودی پرچم عظیم نشانیاں اور یہ توحید، عدل، قوت، ترقی اور کامرانی ظاہر کرتا ہے۔