انقرہ(پاک ترک نیوزز)
ترکیہ، فن لینڈ اور سویڈن کے درمیان مستقل مشترکہ میکانزم پرچوتھا اجلاس کل منعقد ہو رہا ہے جس میں فن لینڈ کے بعد سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی درخواست سے متعلقہ امور پر بات چیت ہو گی
ترکیہ کے محکمہ اطلاعات کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ اجلاس ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں کل بدھ کے روز منعقد ہوگا۔صدارتی کمپلیکس میں ہونے والے اجلاس کی صدارت ترک صدر رجب طیب اردگان کے چیف ایڈوائزر عاکف کاگتے کلچ کریں گے۔
فروری 2022 میں روس کے یوکرین میں جنگ شروع کرنے کے فوراً بعد فن لینڈ اور سویڈن نے نیٹو کی رکنیت کے لیے درخواستیںدی تھیں۔ ترکی نے نیٹو میں فن لینڈ کی رکنیت کی منظوری تو دے دی ہے۔ لیکن انقرہ اپنے سیکورٹی خدشات کو دور کرنے کے لیے سویڈن کے گزشتہ جون میں میڈرڈ میں دستخط کیے گئے سہ فریقی یادداشت کی پاسداری کرنے کا انتظار کر رہا ہے۔
اجلاس میں نیٹو سیکرٹری جنرل کے پرائیویٹ آفس کے ڈائریکٹر سٹیان جینسن، سویڈن کی وزارت خارجہ کے اسٹیٹ سیکریٹری جان ناٹسن اور فن لینڈ کی وزارت خارجہ کے مستقل اسٹیٹ سیکریٹری جوکا سلووااراشرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ سویڈن نے گذشتہ نومبر میں انسداد دہشت گردی کانیا قانون منظور کیا ہے جو یکم جون سے نافذ العمل ہے۔ یہ حکام کو ان افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی اجازت دیتا ہے جو دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرتے ہیں۔یہ قانون منظور کرنے کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ انقرہ نیٹو میں شامل ہونے کے لیے اسٹاک ہوم کی درخواست کو منظور کر لے گا۔
نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ کو امید ہے کہ ترکیہ 11-12 جولائی کو لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس میں منعقد ہونے والے نیٹو کے سربراہی اجلاس سے قبل سویڈن کی درخواست کو منظور کر لے گا ۔