ابوظہبی (پاک ترک نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران دونوں کے درمیان 50.7بلین ڈالرز کے 13معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق صدارتی میڈیا آفس کے مطابق ترکیہ اور متحدہ عرب امارات نے صدر رجب طیب اردوان کے خلیجی ملک کے دورے کے دوران 50.7 بلین ڈالر کے 13 معاہدوں پر دستخط کیے۔
ایک بیان میں ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ دونوں فریق ایک اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کونسل کے قیام کے لیے ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں، جس کی صدارت ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے صدور کریں گے۔
معاہدے کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ ترکیہ کے تعلقات سٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بلند ہو گئے ہیں۔فریقین نے توانائی، نقل و حمل، بنیادی ڈھانچے، لاجسٹکس، ای کامرس، فنانس، صحت، خوراک، سیاحت، رئیل اسٹیٹ، تعمیرات، دفاعی صنعت، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں موجودہ تعاون کو آگے بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا۔
یاد رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان تین خلیجی ممالک کے دورے پر سعودی عرب اور قطر کے بعد گزشتہ روز متحدہ عرب امارات پہنچے تھے ۔