انقرہ ،پاکستانی سفارتخانے میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخی کے چار برس مکمل ہونے پر تصویری نمائش
انقرہ (پاک ترک نیوز) ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستانی سفارت خانے میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے فیصلے کی چوتھی برسی کی یاد میں ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔
تصویری نمائش جس کا اہتمام پاکستانی سفارتخانے اور انقرہ کی Keçiören میونسپلٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا، اس میں سفارتی عملے، صحافیوں اور مقامی افراد نے شرکت کی۔
انقرہ میں پاکستان کے مشن کے نائب سربراہ عباس سرور قریشی نے نمائش کی افتتاحی تقریب میں کہا کہیہ نمائش بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے بہادر لوگوں کی روزمرہ کی زندگی کو پیش کرتی ہے۔ یہ قابل مذمت ہندوستانی جبر کے خلاف کشمیریوں کی بہادرانہ جدوجہد کو ظاہر کرتی ہے۔ تصاویر قابض بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر کے شہریوں پر آشکار ہونے والی ہولناکیوں کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی قسم کی محکومی، مظالم اور غیر قانونی اقدامات آزادی اور حق خود ارادیت کے شعلے کو نہیں بجھا سکتے۔