پنجاب میں 100 فیصد مفت ادویات کی فراہمی جلد شروع کردی جائیگی: مریم نواز

لاہور(پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں 100 فیصد مفت ادویات کی فراہمی کا عمل جلد شروع کردیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب اور لیگی قائد میاں نواز شریف سے فیصل آباد کے اراکین کے قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی جس میں حلقوں کے مسائل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں نوجوان کی ڈور پھرنے سے ہلاکت کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے اس کو نظر انداز نہیں کر سکتے، دھاتی ڈور بنانے، بیچنے اور خریدنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 36اضلاع میں سالڈ ویسٹ کولیکشن کا جامع نظام لارہے ہیں، 3 ماہ میں 18 شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع ہو گا، دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی 6 ماہ میں اصلاحات کریں گے۔
فیصل آباد میں ترقیاتی کاموں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فیصل آباد میں 100 سپیڈو اور میٹرو بس بھی لا رہے ہیں، کم آمدن والے ایک لاکھ گھروں میں فیصل آباد بھی شامل ہے، پنجاب حکومت عوام کی حکومت ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں 48 لاکھ سے زائد رمضان نگہبان پیکیج تقسیم ہو چکے ہیں، طلبہ کو لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹس بھی دیئے جائیں گے۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More