ترک صدر اردوان کے انتخابی جلسے میں ریکارڈ 17لاکھ افراد کی شرکت

 

استنبول (پاک ترک نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے انتخابی جلسے میں 17 لاکھ افراد نے شریک ہو کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
انتخابی جلسہ اتاترک ائیرپورٹ پر منعقد کیا گیا جو 2016 میں ناکام فوجی آپریشن اور جمہوریت کے لیے کی جانے والی جدوجہد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ترک صدر رجب اردوان کا استنبول میں ہونے والا انتخابی جلسہ ترکیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ تھا۔
تاریخی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر رجب طیب اردوان نے سیاسی حمایت پر استنبول کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کو ملک کو تقسیم کرنے کا موقع نہیں دیں گے۔
ترک صدر اردوان نے مزید کہا کہ 17لاکھ افراد کا اجتماع مغربی میڈیا کی مجھ پر اور ترکیہ پر کی جانے والی تنقید کا جواب ہے۔انہوں نے اپنی حکومت کے ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کی ویڈیو بھی جلسے کے شرکا کو دکھائی اور انتخابات جیتنے کی صورت میں مہنگائی میں کمی، تنخواہوں میں اضافے اورعوام اور ملک کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا وعدہ کیا۔
ترکیہ میں عام انتخابات 14 مئی کو ہوں گے۔ انتخابات میں اردوان اور اپوزیشن امیدوار کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔صدر اردوان نے طبیعت کی خرابی کے باعث چند روز کے لیے انتخابی مہم میں شرکت نہیں کی تھی۔

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More