ترکیہ میں پاکستان کے نئے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے ترک صدارتی محل انقرہ میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں صدر جمہوریہ رجب طیب اردوان کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔
پاکستان کے سفیر نے صدر اردوان سے ملاقات کے دوران انہیں پاکستان کی قیادت کی طرف سے ترک حکومت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کے دورہ کے بعد کی پیش رفت سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 25-26 نموبر کو ترکیہ کا کامیاب دورہ کیا تھا۔
سفیر نے آزمائشوں اور مصیبتوں میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے پر ترک قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر یوسف جنید نے موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے ترکیہ کی جانب سے پاکستان کو فوری اور بامعنی مدد کرنے پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان کے سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تجارت، اقتصادی تعاون اور باہمی رابطوں پر ترکیہ ہمیشہ پاکستان کی ترجیحات میں رہے گا۔
صدر اردوان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی غیر معمولی نوعیت پر زور دیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ صدر نے دوطرفہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ پر دونوں ممالک کے عوام کو مبارکباد بھی دی۔ پاکستان اور ترکیہ آج پاک ترک سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔