لندن (پاک ترک نیوز)
برطانیہ کی سرکردہ کنزرویٹو پارٹی بلدیاتی انتخابات میں لیبر اور دیگر پارٹیوں سے انگلینڈ بھر کے ابتدائی نتائج میں ہارسے دوچار ہے۔
146 کونسلوں میں سے اب تک ایک محدود تعداد کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس میں کنزرویٹو نے کونسل کی درجنوں نشستیں گنوا دیں اور انگلینڈ کی کل 4,350 نشستوں میں سے 293 پرکامیابی حاصل کی ہے۔
ابتدائی غیر سرکاری نتائج کے مطابق لیبر پارٹی نے اب تک 553 اور لبرل ڈیموکریٹس نے 119 نشستیں حاصل کی ہیں، جب کہ کنزرویٹو نے پہلے سے حاصل کی گئی نشستوں میں سے 62 نشستیں کھو دی ہیں۔کنزرویٹو اب تک 15 کونسلیں جیت چکے ہیں، لیبر نے 19، اور لبرل ڈیموکریٹس نے دو میں فتح سمیٹی ہے۔
انگلینڈ بھر کی 146کونسلوں کی کل 4,350 نشستوں پر انتخاب لڑا جا رہا ہے جبکہ سکاٹ لینڈ کی 32 اور ویلز کی 22 کونسلوں کی تمام نشستوں کا بھی فیصلہ ہونےجا رہا ہے۔جبکہ شمالی آئرلینڈ کےووٹروں نے اپنی مقامی پارلیمان کی 90 نشستوں کے لیے نمائندوں کے چناؤ کے لئے ووٹ دیا ہے۔
انگلینڈ میں بلدیاتی الیکشن کے تمام نتائج آج بعد دوپہر متوقع ہیں ۔ جبکہ سکاٹ لینڈ ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں گنتی آج سے شروع ہوگی، اور ہفتہ کے روزمکمل نتائج سامنے آئیں گے۔