لندن(پاک ترک نیوز)
برطانوی لا فرم اسٹوک وائٹ کی جانب سے برطانوی پولیس کو 2000شہادتیں، شواہد جمع کرائے ہیںجن کے مطابق بھارتی آرمی چیف جنرل نروانے اور وزیر داخلہ امت شاہ کی قیادت میں فورسز مبینہ جنگی جرائم اور تشدد میں براہ راست ملوث ہیں۔
لا فرم نے برطانوی پولیس کو درخواست کی ہے کہ کشمیر میں جنگی جرائم میں مبینہ کردار پر جنرل نروانے، امت شاہ کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔
لافرم اسٹوک وائٹ کے مطابق میٹروپولیٹن پولیس کے وار کرائمز یونٹ میں بھارتی فورسز کی جانب سے شہریوں اور صحافیوں پر تشدد، اغوا اور قتل کے شواہد پیش کیے گئے ہیں۔
قانونی فرم کی رپورٹ 2020 سے 2021 کے درمیان لی گئی 2000 سے زیادہ شہادتوں پر مشتمل ہے جس میں آٹھ نامعلوم سینئیر فوجی افسران پر کشمیر میں جنگی جرائم میں براہراست ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔
پولیس کو یہ درخواست یونیورسل جیورسٹکشن اصول کے تحت دی گئی ہے جو ممالک کو یہ اختیار دیتی ہےکہ وہ دنیا میں کہیں بھی انسانیت کے خلاف جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ چلا سکیں۔
اسٹوک وائٹ کے بین الاقوامی قانون کے ڈائریکٹر ہاکان کاموز نے کہا ہے وہ پرامید ہیں انکی رپورٹ کے نتیجہ میں برطانوی پولیس نہ صرف اپنی تحقیقات کا آغاز کرے گی بلکہ جنرل نروانے، امت شاہ کو برطانیہ داخل ہونے پر گرفتار بھی کرے گی۔