ترکی میں یوم یکجہتی کشمیر کیسے منایا گیا ؟

انقرہ (پاک ترک نیوز ) دنیا بھر کی طرح ترکی میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کی تقاریب ہوئیں ۔
انقرہ میں سفیر پاکستان محمد سائرس سجاد قاضی کی رہائش گاہ اوراستنبول میں قونصلیٹ پاکستان میں خصوصی تقریب ہوئی ۔ان تقاریب میں ترکی میں مقیم پاکستانی باشندوں ، سفارت کاروں اور ممتاز ترک شخصیات نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان کی رہائش گاہ پر ہونے والی تقریب مٰیں پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا اور پھر تلاوت قرآن مجید سےباقاعدہ آغاز ہوا۔
پاکستانی سفارت خانے کے قونصلر سید عاطف رضا نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پیغام پڑھ کر سنایا

اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن عباس سرور قریشی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔

ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نےاپنے خطاب میں کہا کہ کئی دہائیوں سے کشمیر کے بہادر عوام اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لیے جدو جہد کو جاری رکھے ہوئے ہیںاور ہم کشمیریوں اور پاکستان کے موقف کی کھل کر حمایت کر نے پرترک حکومت اورعوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ 5 فروری اس دن کی یاد دہانی ہے کہ بھارت اپنے ہی کیے ہوئے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کر رہا ۔یہ بھارت ہی تھا جو جنوری 1948 میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے کر گیا اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو تسلیم کیا لیکن 75 سال گزرنے کے باوجود بھارت اپنے وعدے پورے نہیں کر رہا بلکہ کشمیریوں پر ہر روز ظلم کی ایک نئی داستان رقم کر رہا ہے۔
بھارت کی جانب سے پانچ اگست 2019ء کو آئین کے آرٹیکل 370 کوختم کرکے ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہونے سے یہ مسئلہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے،بھارتی حکومت کے یکطرفہ فیصلے کے بعد سے جموں و کشمیر کےعوام خاص طور پر مسلمانوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستانی سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے جموں کشمیر کے تنازعے کے حل کی حمایت میں ترکی کے اصولی موقف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ حکومتِ ترکی ، ترک پارلیمنٹ اور ترک عوام کشمیر کی آزادی میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ادھر ، پاکستان قونصلیٹ جنرل استنبول میں بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا ۔ جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی قونصل جنرل دانش محمود نے صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پغامات پڑھ کر سنائے اوربھارتی مظالم اور کشمیری قوم کی قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔

pak turk newsturkey on kashmirپاک ترک نیوز، یوم یکجہتی کشمیر