ترکی نے یوکرین کی درخواست پر گندم سے لدے روسی جہاز کو حراست میں لے لیا

انقرہ (پاک ترک نیوز) ترکی نے یوکرین کی درخواست پر گندم سے لدے روسی جہاز کو حراست میں لے لیا ۔
ترکی میں یوکرین کے سفیر واسیلی بودنار نے اتوار کے روز کہا کہ مبینہ طور پر یوکرائنی اناج لے جانے والے ایک روسی کارگو جہاز کو ترکی کے کسٹم حکام نے کیف کی درخواست پر حراست میں لے لیا ہے۔
بودنار کے مطابق، تفتیش کار جہاز کی قسمت کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے پیر کو ملاقات کریں گے۔
رائٹر نے کہا کہ یوکرینی سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارا ترک کے ساتھ مکمل تعاون ہے۔ جہاز اس وقت بندرگاہ کے دروازے پر کھڑا ہے، اسے ترکی کے کسٹم حکام نے حراست میں لے لیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز یوکرین نے ترکی سے درخواست کی تھی کہ روس کے جھنڈے والے کارگو بحری جہاز “زیبک زوہلے”کو روس کے زیر قبضہ بندرگاہ بردیانسک سے یوکرین کی چوری شدہ گندم لے جانے پر روک لیا جائے۔
یوکرینی میڈیا کے مطابق یوکرینی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز ملک کی میری ٹائم انتظامیہ سے موصول ہونے والی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہےکہ زیبک زوہلے باربردار جہاز نے روس کے زیر قبضہ بردیانسک کی بندرگاہ سے تقریباً 4,500 ٹن اناج کا پہلا کارگو لوڈ کیا ہے جس کا تعلق یوکرین سے ہے۔ چنانچہ یوکرین نے ترک حکومت سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ اس کارگو جہاز کو ترک پانیوں میں داخلے پر قبضے میں لے لیا جائے۔

#ANKARA#cargoship#PakTurkNews#ship#ukraine#war#wheatrussiaturkey