ترکی ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جس نے فضا سے فضا میں میزائل حملے کی ٹیکنالوجی حاصل کر لی ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے ترکی کے بوزدوغان میزایل نے فضا سے فضا میں حملے کے پہلے ہی شاٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے میزائل کی تیاری میں شامل انجینئرز اور ٹیکنیشئنز کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ترک دفاعی صنعت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔
صدر ایردوان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس کامیاب میزائل حملے کی فوٹیج بھی شیئر کی جس میں بوزدوغان میزائل نے ایک ڈرون طیارے کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنایا۔
حالیہ چند برسوں میں ترکی کی دفاعی اور ایوی ایشن انڈسٹری نے بہت سی نئی پروڈکٹس متعارف کروائی ہیں۔
بوزدوغان میزائل کے لانچنگ پیڈ پر 2019 میں کام شروع ہوا تھا۔ اسی سال نومبر میں لانچنگ پیڈ کی ٹیسٹ فائرنگ کا تجربہ بھی کامیاب ہو گیا تھا۔ اب ترک فوج کے پاس زیادہ جدید دفاعی ہتھیار اور ساز و سامان موجود ہے۔
یہ میزائل ترکی کی سائنٹفک اینڈ ٹیکنالوجیکل ریسرچ کونسل آف ترکی اور ڈیفنس انڈسٹریز ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ (ایس اے جی ای) نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔
ایس اے جی ای نے 2013 میں فضا سے فضا میں حملے کے لئے استعمال ہونے والے میزائل پر کام شروع کیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ شارٹ رینج میزائل تھا جس کو اپ گریڈ کرنے کے بعد اب یہ میزائل لانگ رینج میزائل کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔