حج انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

مشاعرمقدسہ میں سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنایاجا رہا ہے،گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل

مکہ مکرمہ (پاک ترک نیوز)

کورونا وبا کے بعد پہلی بار اس سال دس لاکھ افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ جن کے لئےانتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔عازمین حج کی خدمت ایک ٹیم کے طور پر کرنا ہوگی تاکہ حج کے تمام کام آسانی اور اطمینان کے ساتھ مکمل کیے جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل جو مرکزی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں نےگذشتہ روز مشاعر مقدسہ (منی، مزدلفہ اور عرفات) کے دورے کے موقع پرکیا ہے۔جس میں انہوں نے حج مقامات پر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور انتظامات کی بہتری کے لئے موقع پر احکامات بھی جاری کئے۔

سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق شہزادہ خالد الفیصل نے عازمین حج کے لیے تمام ریاستی وسائل وقف کرنے اور حج انتظامات کی مسلسل نگرانی پر اعلی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر مکہ مکرمہ نے کہا کہ میدان عرفات میں جبل رحمت کے اطراف کے علاقے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بہترین بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کے لیے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ پہلا مرحلہ دو لاکھ مربع میٹر کے رقبے پرمشتمل ہوگا جہاں عازمین حج کے لئے متعدد سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اسی طرح منیٰ میں پانچ لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر نئے خیمے نصب کیے جا رہے ہیں یہ منٰی میں موجودہ خیموں کا 20 فیصد حصہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کے سلسلے میں وزارت صحت نے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں 18 ہسپتالوں کا انتظام کیا ہے۔ ان میں 3700 سے زیادہ بسترموجود ہیں۔جبکہ یہاںابتدائی طبی امداد کے لئے171 ہیلتھ سینٹرز بھی بنائے گئے ہیں۔علاوہ ازیں فیلڈ ہسپتال، جدہ اور طائف کے ہسپتال بھی حجاج کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔

گورنر مکہ نے بتایا کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں تین ارب ریال سے زیادہ کی لاگت سے بجلی کا نظام بہتر بنانے کے لیے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔جبکہ ذی الحجہ کے دوران عازمین حج کے لیے 20 ملین مکعب میٹر پانی فراہم کرنے کا پروگرام بھی تیارکیا گیا ہے۔

عازمین حج کو آمد ورفت کی سہولتیں فراہم کرنے حوالے سےشہزادہ خالد الفیصل نے بتایا کہ مکہ مکرمہ اور جدہ  عازمین حج کو لانے لے جانے کے لیے 35 ٹرینوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ ہر ٹرین سے 417 افراد سفر کرسکتے ہیں۔ یہ ٹرینیں روزانہ 35چکر لگائیں گی۔ مزید براںمنی، مزدلفہ اور عرفات کی ٹرین 2 لاکھ 10 ہزار حاجیوں کو سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔جبکہ 7 لاکھ 90 ہزارعازمین حج کو 16 ہزار نئی بسیں ایک مقام سے دوسرے مقام آنے جانے کی سہولت دیں گی۔

#makkahmukarama#PakTurkNews#saudiarabiaHajj