دوسرا آذربائیجان-ترکیہ توانائی فورم آجفورم کے نتائج کے پروٹوکول پر دستخطوں کے ساتھ اختتام پزیر ہوگا

استنبول (پاک ترک نیوز)
ترکیہ اور آذربائیجان نے توانائی خصوصاً ہائیڈرو کاربن، پیٹروکیمیکل اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
یہاں جاری دوسرے آذربائیجان ۔ترکی دوروزہ توانائی فورم کے دوسرے اور اختتامی روزکے اجلاس میں آذربائیجان کے وزیر توانائی پرویز شہبازوف اور ترکی کے توانائی اور قدرتی وسائل کے وزیر فتح دونمیز سمیت متعدد اعلیٰ حکام کی تقاریر کے ساتھ ساتھ فورم کے نتائج پر پروٹوکول پر دستخط بھی ہوں گے۔
قبل ازیں کل بدھ کے روز فورم کے پہلے روزہائیڈرو کاربن اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات، قابل تجدید توانائی کے استعمال اور توانائی کی کارکردگی، برقی توانائی کی مارکیٹ، بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے ساتھ ساتھ توانائی کے ضوابط پر مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس منعقد ہوئے جن میںورکنگ گروپس نے دونوں ملکوں کے متعلقہ شعبوں میںجاری باہمی تعاون کے اب تک کے نتائج اور مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے درکار اقدامات پر تفصیلی غور کے بعداپنی سفارشات مرتب کیں ۔
آذربائیجان-ترکی توانائی فورم دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون پر بین الحکومتی کمیشن کے اندر قائم کیا گیا تھا تاکہ توانائی کے تزویراتی تعاون کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ اس سلسلے کاپہلا فورم 21-22 دسمبر 2021 کو باکو میں منعقد ہواتھا۔

#Azarbaijan#istanbul#PakTurkNews#tmkiturkey