ماسکو (پاک ترک نیوز)روس کی افواج رواں سال کے دوران پاکستان اور بھارت سمیت کئی دیگر ملکوں کی افواج کےساتھ مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیں گی ۔
اس حوالےسے روس کی جنوبی ملٹری ڈسٹرکٹ کی پریس سروس نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ اس سال میں ہندوستان، مصر اور پاکستان سمیت دیگر ملکوں کی افواج کے ساتھ مشترکہ مشقوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا جائے گا۔
ایک مشترکہ روسی۔ہندوستانی فوجی مشق۔اندرا 2022 جنوبی روس میں منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ روس اور ہندوستان کی زمینی افواج کے یونٹ وولگوگراڈ کے پروڈبوئی تربیتی میدان میں مشترکہ تربیتی مقاصد کی مشق کریں گے۔جبکہ مشق کا بحری حصہ بحیرہ اسود میں ہوگا۔
اسی طرح اکتوبر میںروسی فوجی یونٹس اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ روسی پاکستانی مشق۔ دوستی 2022 کے لیےپاکستان روانہ ہوں گے۔
سدرن ملٹری ڈسٹرکٹ کے فضائی دفاعی ماہرین عرب جمہوریہ مصر کی سرزمین پر ایک مشترکہ روسی۔مصری مشق، دوستی کے تیر2022 کے انعقاد کی بھی تیاری کر رہے ہیں۔اسی سال مصری ملاح اور بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کے جنگی جہاز بحیرہ اسود میں مشترکہ مشقوں میں حصہ لیں گے۔ جب کہ روسی۔قازق بحری مشقیں بحیرہ کیسپین میں منعقد ہوں گی۔
اگست 2022 میںروسی فوجی دستے ایک مشترکہ حکمت عملی کی مشق میں حصہ لینے کے لیے الجزائر روانہ ہوں گے، جبکہ روسی بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کے ملاح بحیرہ روم میں اپنے الجزائر کے ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ طور پر مشق کریں گے۔