سعودی ترقیاتی فنڈ کے منصوبوں کی راہ حائل روکاوٹیں فوری دور کی جائیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سعودی ترقیاتی فنڈ کے زیر التوا تمام ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سعودی ترقیاتی فنڈ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور جہانزیب خان پر مشتمل خصوصی ٹاسک فورس کو ہدایت کی کہ وہ سعودی وفد کے پاکستان میں قیام کے دوران ہی تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت توانائی کے اس سستے اور صاف ذریعے کو فروغ دینے پر خاص توجہ دے رہی ہے تا کہ زرمبادلہ کی بچت ہو اور عوام کو سستی بجلی بھی فراہم کی جا سکے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے گرانٹ اور قرضوں کی فراہمی اور سرمایہ کاری کی صورت میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیاہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان کی ہر طرح سے مدد کی ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا خاص طور سے شکریہ ادا کیا۔
سعودی وفد کی قیادت سعودی ترقیاتی فنڈ کے جنرل ڈائریکٹر ایشیا ڈاکٹر سعود اے الشمری کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

#islamabad#PakTurkNews#primeminister#saudiarabia#shahbazsharif