ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لئے ترکی نے کئی منصوبے شروع کئے ہیں، صدر ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کو ایک سرسبز اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک دنیا چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں۔

وہ امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے بلائی گئی "ماحولیاتی کانفرنس” سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس سے مختلف ممالک کے سربراہوں نے بھی خطاب کیا۔ صدر ایردوان کو ماحولیاتی کانفرنس سے خطاب کے لئے امریکی صدر نے خصوصی دعوت دی تھی۔

امریکی صدر جو بائیڈن کی خصوصی دعوت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ عالمی رہنماؤں کی یہ اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہتر دنیا چھوڑ کر جائیں۔ ترکی ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

ماحولیاتی آلودگی سے کوئی ایک ملک یا خطہ متاثر نہیں ہے بلکہ افریقہ سے ایشیا اور یورپ سے امریکہ تک پوری دنیا اس بحران کا شکار ہو چکی ہے۔ خود ترکی بھی اس بحران سے نبرد آزما ہے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ ماحولیات کو بہتر بنانے کے لئے بڑی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ ترکی میں جنگلات کا رقبہ بڑھایا جا رہا ہے۔ ایک ایسی پالیسی اور قوانین بنائے جا رہے ہیں جس میں فطرت کو محفوظ کیا جا رہا ہے تاکہ آلودگی کو کم سے کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ 18 برسوں میں ترکی کے جنگلات کا رقبہ 2 کروڑ 8 لاکھ ہیکٹرز سے بڑھا کر 2 کروڑ 30 لاکھ ہیکٹرز کیا گیا ہے۔ اس مدت میں پانچ ارب سے زائد درخت لگائے گئے ہیں۔

صدر ایردوان نے کہا کہ ان کی حکومت نے "نیشنل کلائمیٹ چینج اسٹریٹجی اینڈ ایکشن پلان” کا ایک الک محکمہ بنایا ہے۔ ترکی نے اس پالیسی کے تحت 2030 اور 2050 کا ایک روڈ میپ بنایا ہے۔ ترکی 2030 سے گرین ہاؤس گیسز میں 21 فیصد تک کمی کرے گا۔

ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو روکنے کے لئے سب سے بڑی سرمایہ کاری توانائی کے متبادل ذرائع پر خرچ کی جا رہی ہے۔ اس وقت ترکی میں 52.3 فیصد توانائی یعنی بجلی متبادل ذرائع سے پیدا کی جا رہی ہے اور کوشش ہے کہ جلد ہی توانائی کے روایتی ذرائع سے جان چھڑا لی جائے۔ اس وقت ترکی متبادل ذرائع سے توانائی حاصل کرنے والا یورپ کا چھٹا اور دنیا کا 13واں بڑا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو ذرائع سے توانائی حاصل کرنے میں ترکی یورپ کا دوسرا اور دنیا میں 9 واں ملک ہے۔

ترکی اس وقت 10 گیگاواٹ بجلی شمسی ذرائع اور 16 گیگاواٹ توانائی ونڈ انرجی سے حاصل کر رہا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ ترکی نے "نیشنل گارڈن” کے نام سے ایک پروگرام شروع کیا ہے۔ ترکی چاروں طرف سے سمندر میں گھِرا ہوا ہے اور سمندر کی سطح بتدریج بڑھتی جا رہی ہے۔ اس خطرے سے نمٹنے کے لئے زیادہ سے زیادہ جنگلات لگائے جا رہے ہیں۔ لیکن اس کے لئے ترکی کو ایک بہت بڑی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے فوری بعد ترکی "گرین ٹرانسفورمیشن” کا منصوبہ شروع کرے گا جس میں صنعتی علاقوں کو آلودگی سے پاک کرنے کے لئے مختلف منصوبے تیار کئے گئے ہیں۔

صدر رجب طیب ایردوانگرین ہاؤسز گیسزماحولیاتماحولیاتی آلودگیماحولیاتی تبدیلی