وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے پاکستان ٹاؤن کی کئی گلیاں ڈوب گئیں اور پاکستان ٹاؤن زون فائیو کی سوسائٹی میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ جس کے باعث املاک کو نقصان پہنچا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد راولپنڈی میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ایم ڈی واسا کے مطابق اب تک 70 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے اور واسا کا عملہ و مشینری نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
واسا حکام کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں اور گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کا بہاؤ 9 فٹ ہے اور پانی کے بہاؤ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب کھاریاں اور پنڈادنخان میں بھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔میانوالی اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش جاری ہے اور بارش سے نشیبی علاقے زیرآب اور گلیاں پانی سے بھر گئی ہیں۔ عیسیٰ خیل کے کئی علاقوں کے پہاڑی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ چاپڑی محفوظ بند بھی ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔
خیبر پختونخوا کے بھی مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز اور آہستہ بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ کرک کے علاقے تحت نصرتی میں بارشوں نے تباہی مچا دی۔ موسلادھار بارش کے باعث درجنوں دکانیں اور مکانات منہدم ہو گئے جبکہ متعدد گھروں کی چار دیواریاں گر گئیں جبکہ چمن آباد میں سیلا بی ریلا 3 بچوں کو بہا کر لے گیا جن میں سے ایک بچہ جاں بحق اور 2 کو بچا لیا گیا۔
بارش کا پانی گھروں اور دکانوں کا سامان اپنے ساتھ بہا کر لے گیا اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔
کراچی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور مون سون کے پہلے اسپیل میں بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہو گئی۔ حب ڈیم میں پانی کی سطح میں 15.5 پوائنٹ کا اضافہ ہوا۔

 

#flood#houses#islamabad#khyberpakhtankhawa#PakTurkNews#rain#rawalpindi